لاہور۔30 جون (اے پی پی ) گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ پاس نہ ہونے کا دعویٰ کر نیوالی اپوزیشن جماعتیں کہاں ہیں،اپوزیشن کا ایجنڈا احتساب رکوانے کے سواکچھ نہیں مگر یہ کبھی نہیں ہوگا۔ وہ گور نر ہاﺅس لاہور میںصوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اختر ملک سے ملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے ۔ملاقات کے دوران حکومتی اور سیاسی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی ۔گور نر پنجاب نے کہا کہ وفاقی بجٹ کی منظوری اس بات کا ثبوت ہے کہ اتحادی اور حکومت ایک پیج پر ہیں اور اپوزیشن ہر محاذ پر ناکام ہو رہی ہے، مَیں بجٹ کی منظوری پر وزیر اعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتاہوں اور عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ انکی ترقی اور خوشحالی کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو آگے اور اپوزیشن پیچھے لیکر جانا چاہتی ہے مگرہم انکو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اصولوں اور نظر یہ کی سیاست کررہے ہیں، پیچھے نہیں ہٹیں گے اورعوامی مفادات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاسی پوائنٹ سکور نگ کر نے کا رویہ اپوزیشن کو تر ک کر ناچاہیے آج کورونا کی وجہ سے پاکستان کو درپیش معاشی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے، اپوزیشن کو اپنا رویہ جمہوری اورمثبت کرتے ہوئے پار لیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا کردار ادا کر نا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ کورونا کیخلاف جنگ حکومت اور سیاسی جماعتوں سمیت 22کروڑ پاکستانیوں کی جنگ ہے، ماسک سمیت دیگرحفاظتی اقدامات سے ہی کورونا سے بچا اور اس کو شکست دی جاسکتی ہے۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر انرجی اختر ملک نے کہا کہ وفاق اور پنجاب میں حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود عوام دوست ٹیکس فری بجٹ دیا ہے مگر اپوزیشن اس بجٹ کو بھی پڑھے بغیر سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے اس کو تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کا مشن صرف اور صرف پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے جبکہ اپوزیشن اپنے مفادات کو بچانے میں مصروف ہے جو کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔