29.9 C
Islamabad
جمعہ, مئی 23, 2025
ہومقومی خبریںبحریہ یونیورسٹی میں "ایک خوشحال مستقبل کی تشکیل" کے عنوان سے پری...

بحریہ یونیورسٹی میں "ایک خوشحال مستقبل کی تشکیل” کے عنوان سے پری بجٹ سیشن کا انعقاد

- Advertisement -

کراچی۔ 22 مئی (اے پی پی):بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے اسکول آف ہیومینٹیز اینڈ سوشل سائنسز کے زیر اہتمام جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی پری بجٹ سیشن منعقد ہوا، جس کا عنوان "ایک خوشحال مستقبل کی تشکیل”تھا۔ اس سیشن میں ممتاز پالیسی سازوں، معیشت دانوں اور صنعت کاروں نے شرکت کی تاکہ پاکستان کو درپیش مالی و اقتصادی چیلنجز پر غور کیا جا سکے اور پائیدار و جامع ترقی کی راہیں تلاش کی جا سکیں۔

جاری اعلامیہ کے مطابق مقررین نے زور دیا کہ پاکستان کو معاشی استحکام اور خوشحالی کے لیے مالی نظم و ضبط، بہتر حکمرانی، انسانی وسائل کی ترقی اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ پر توجہ دینی ہوگی۔ ٹیکس نظام کی کمزور بنیاد، ناقص گورننس اور لیبر مارکیٹ کے مسائل جیسے بنیادی ڈھانچوں کی اصلاح ناگزیر قرار دی گئی۔

- Advertisement -

اجلاس کی اہم تجاویز میں ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا تاکہ ہر طبقہ ترقی میں اپنا حصہ ڈالے،سرکاری اداروں کی کارکردگی اور شفافیت میں بہتری لانا،تعلیم و صحت کے شعبوں میں بجٹ کا خاطر خواہ حصہ مختص کرنا،ڈیجیٹل معیشت کو فروغ دینا تاکہ ملک جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ترقی کی راہ پر گامزن ہو،نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی کو فروغ دینا، جس میں وینچر کیپیٹل اور اسٹارٹ اپ کلچر کی حوصلہ افزائی شامل ہے۔

اس سیشن کے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ تھے، جبکہ سی ای او طفیل کیمیکلز لمیٹڈ و سابق صدر ایف پی سی سی آئی زبیر طفیل،سابق صدر، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن عبدالقادر میمن، مالیاتی مشیر اور چیئرمین بی فائلر اسد علی شاہ،سابق بین الاقوامی نائب صدر، ایشین پیٹنٹ اٹارنیز ایسوسی ایشن علی کبیر شاہ پینلسٹ میں شامل تھے جبکہ سیشن کی میزبانی معروف اینکر پرسن عمران سلطان (آج نیوز) نے کی۔

اختتامی کلمات میں ڈائریکٹر جنرل بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس، ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایسے مکالماتی فورمز پالیسی سازی کے عمل کو بہتر بنانے اور قومی سطح پر مربوط اقدامات کے لیے نہایت اہم ہیں۔

یہ سیشن پاکستان کے معاشی مستقبل پر سنجیدہ گفتگو اور بامعنی مشاورت کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوا، جس سے حاصل ہونے والی تجاویز آئندہ بجٹ میں پالیسی سازوں کے لیے ایک رہنما کا کردار ادا کریں گی اور ملک کو ایک خوشحال اور پائیدار مستقبل کی جانب لے جانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600428

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں