اقوام متحدہ ۔21جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے کہاکہ روس کی طرف سے بحیرہ اسود اناج راہداری سمجھوتہ ختم کرنے کے بعد ہم جنگ زدہ علاقے میں سفر کرنے والے جہازوں کو سلامتی کی ضمانت نہیں دے سکتے ہیں۔ ترک خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن دوجارک نےکہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش روس کے اناج اور کھاد کو عالمی منڈیوں تک پہنچانے کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
سیکرٹری جنرل کے نزدیک خوراک ایک ایسا موضوع ہے جس سے لاپرواہی نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ اناج کی برآمد کے لئے مختلف تجاویز ایجنڈے پر لائی گئی ہیں،جہاں تک روس کی طرف سے بحری جہازوں کو ہدف بنائے جانے کے امکان کی بات ہے تو یہ ایک جنگ زدہ علاقہ ہے کوئی بھی سیکرٹری جنرل سے سلامتی کی ضمانت طلب نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہاکہ مشترکہ انتظامی مرکز کا عملہ باہمی اتحاد کو یقینی بنانے کے لئے استنبول میں موجود ہے، ہم بحیرہ اسود اناج راہداری سمجھوتے پر قائم ہیں اور روس کے ساتھ طے پانے والے میمورینڈم کے اہداف سے وابستگی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میمورینڈم سے وابستگی کے لئے روسی فریق کی شرائط کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اس وقت تک تمام ضروری کوششیں کر چکے ہیں تاہم انہوں نے بنکاری شرائط یا پھر بیمہ مارکیٹ جیسے مختلف پہلووں کو کنٹرول نہیں کیا۔ ہمارا فرض دوسروں کو یاد دہانی کروانا ہے اور وہ ہم کر رہے ہیں۔