بحیرہ اسود کے اناج معاہدے کے حوالے سے تا حال کچھ مسائل در پیش ہیں، انتونیو گوتریش

157

اقوام متحدہ ۔24مئی (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا کہ بحیرہ اسود کے اناج معاہدے پراقوام متحدہ اور روس کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے ابھی بھی کچھ اہم مسائل باقی ہیں۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق انتونیو گوتریش نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں جھڑپوں کے دوران شہریوں کے تحفظ کے نام سے نشست سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے روس کی اس تصدیق کا خیرمقدم کیا کہ وہ مزید 60 دنوں تک اس معاہدے کا فریق رہے گا، کچھ اہم مسائل باقی ہیں، لیکن روس، یوکرین، ترکیہ اور اقوام متحدہ کے نمائندے ان مسائل پر بات چیت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ روس اور یوکرین سے خوراک اور کھاد کی برآمدات مستقبل میں عالمی سپلائی چین تک پہنچتی رہیں گی، اس اقدام کا مقصد یہی ہے اور اقوام متحدہ اس اقدام کی بھر پور حمایت جاری رکھے گا۔