اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):بحیرہ عرب سے اٹھنے والا انتہائی شدید سمندری طوفان بپر جوائے ساحلی علاقے کے قریب پہنچ گیا، طوفان کا کیٹی بندر سے فاصلہ مزید کم ہو کر تقریباً ڈیڑھ سو کلو میٹر رہ گیا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جمعرات کو جاری تفصیلات کے مطابق بپر جوائے کراچی سے230 جبکہ ٹھٹھہ سے 235 کلو میٹر جنوب کی سمت میں ہے۔
طوفان کی سطح پر ہواؤں کی رفتار 120 سے 140 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جبکہ اس کے مرکز میں 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے قریبی ساحلی علاقوں میں تیز آندھی اور شدید بارشوں کی صورت میں اثرات رونما ہوسکتے ہیں۔ طوفان کی سمت شمال مشرق کی جانب رہے گا اور آج شام کو اس کے کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیانی ساحلی علاقے میں ٹکرانے کا امکان ہے۔