اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):بحیرہ عرب سے اٹھنے والا انتہائی شدید سمندری طوفان بپرجوائے شدت میں کمی کے بعد شدید سمندری طوفان میں تبدیل ہو گیا، طوفان کے مرکز کے گرد ہوا کی رفتار سو تا اسی کلومیٹر فی گھنٹہ ہو گئی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق طوفان بھارتی گجرات کاساحل عبور کرنے کے بعد کمزور ہو گیا ہے اور شام تک شدت مزید کم ہونےکے بعد اس کی درجہ بندی ڈپریشن میں تبدیل ہو جائے گی۔ طوفان کے پاکستان کی ساحلی پٹی پر ممکنہ اثرات اس کی مزید پیشرفت پر منحصر ہیں۔
متعلقہ ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔طوفان کے مکمل اثرات ختم ہو نے تک عوام کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ قبل ازیں سمندری طوفان بپرجوائے نے بھارتی گجرات کی ساحلی پٹی پر مکمل لینڈ فال کیا ہے جو کیٹی بندر سے 125 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے۔