بحیرہ عمان میں جہازوں کا تصادم نیویگیشن کی غلطی کا نتیجہ تھا، یو اے ای

6
UAE Ministry of Energy and Infrastructure
UAE Ministry of Energy and Infrastructure

ابوظہبی۔18جون (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کی وزارت توانائی و انفراسٹرکچر نے کہاہے کہ بحیرہ عمان میں یو اے ای کے ساحل سے تقریباً 24 ناٹیکل میل کے فاصلے پر دو بحری جہازوں کے درمیان حادثاتی تصادم ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایک جہاز کی جانب سے نیویگیشن میں غلطی کے باعث پیش آیا۔ یواے ای کی نیوز ایجنسی وام کے مطابق وزارت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کو رات 1 بج کر 30 منٹ پر متعلقہ حکام کو حادثے کی اطلاع موصول ہوئی۔

تصادم کا شکار ہونے والے بحری جہازوں میں سے ایک تیل بردار بحری جہاز ایڈالن اینٹیگوا اینڈ باربوڈا میں جبکہ دوسرا کارگو جہاز فرنٹ ایگل لائبیریا میں رجسٹرڈ تھا۔وزارت کے مطابق اس حادثے کے نتیجے میں دونوں جہازوں کے بیرونی ڈھانچے کو سطحی نقصان پہنچا، ایک جہاز کے ایندھن کے ٹینک میں آگ بھڑک اٹھی اور معمولی سطح پر تیل کا اخراج ہوا۔ تاہم متعلقہ اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا اور دونوں جہازوں کے عملے میں سے کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

وزارت نے تصدیق کی کہ واقعے کی مکمل تکنیکی تحقیقات جاری ہیں جو بین الاقوامی میری ٹائم ضوابط اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے کی جا رہی ہیں۔بیان میں امدادی ٹیموں کی فوری کارروائی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا گیا جنہوں نے تیل بردار جہاز ایڈالن کے عملے کے افراد کو محفوظ طریقے سے نکال کر خلیفہ پورٹ خورفکّان منتقل کیا۔ یہ کارروائی نیشنل گارڈ کوسٹ گارڈ اور دیگر متعلقہ بحری حکام کے سرچ اینڈ ریسکیو کشتیوں کے ذریعے انجام دی گئی۔

وزارت نے کہا کہ وہ صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ جہاز رانی کے تحفظ اور بحری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر بین الادارہ جاتی رابطہ کاری اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے ادارہ جاتی تیاری کو سراہا گیا۔