بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، اس سے نہ صرف ترقیاتی عمل متاثر ہوتا ہے بلکہ لوگ اپنے حق سے محروم ہو جاتے ہیں، چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری

179

اسلام آباد ۔ 28 جولائی (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، اس سے نہ صرف ترقیاتی عمل متاثر ہوتا ہے بلکہ لوگ اپنے حق سے محروم ہو جاتے ہیں، ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے نیب کا پاکستان میں بدعنوانی کے خاتمہ کے اعلیٰ ادارہ کے طور پر قیام عمل میں لایا گیا جس کو آگاہی، تدارک اور قانون پر عملدرآمد کے ذریعے بدعنوانی کے خاتمہ کی ذمہ داری سونپی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں نیب کے آگاہی و تدارک ڈویژن کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے انسداد بدعنوانی کی جامع قومی پالیسی وضع کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کو گذشتہ 16 سال کے دوران نجی و سرکاری اداروں اور افراد کی جانب سے 3 لاکھ 9 ہزار شکایات موصول ہوئی ہیں۔