
اسلام آباد ۔ یکم دسمبر (اے پی پی) ”بدعنوانی سے پاک پاکستان ہمارا ایمان ہے“، بدعنوانی کے خلاف عوام میں شعور اجاگر کرنے، حفاظتی اقدامات اور احتساب کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی پالیسی کامیاب ہے جو مستقبل میں بھی جاری رہے گی۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے ہفتہ نیب کی آگاہی، بدعنوانی کے خاتمے اور پالیسی پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ایک اجلاس کی یہاں نیب ہیڈ کوارٹرز میں صدارت کی اور انہوں نے کہا کہ بدعنوانی سے پاک پاکستان ہمارا ایمان ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نیب کی یہ پالیسی مستقبل میں بھی جاری رہے گی اور نیب کی آگاہی بدعنوانی کے خاتمے اور قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی پالیسی کو جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں نیب نے مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں، میڈیا، سول سوسائٹی سمیت معاشرے کے دیگر طبقات کو مہم میں شامل کیا ہے تاکہ بدعنوانی کے خلاف عوام اور بالخصوص کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلباءکو آگاہی فراہم کی جا سکے۔