اسلام آباد۔5فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے بھارت پر ایک ایسی حکومت مسلط ہے جسے عالمی ذمہ داریوں کا ادراک نہیں، نریندر مودی ہٹلر کے نظریئے پر کاربند ہے، وہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنا چاہتا ہے، مودی حکومت کی غیر ذمہ دارانہ، غیر قانونی اورجابرانہ پالیسیوں کی وجہ سے آج خطہ کئی مواقع سے محروم ہے، تنازعہ کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل ہی خطے میں پائیدار امن اور ترقی کا واحد راستہ ہے۔
ہفتہ کو یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کنٹرول لائن کی دونوں جانب اور دنیا بھر میں کشمیری عوام آج یوم یکجہتی کشمیر منا رہے ہیں، پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے، ہمیں کامل یقین ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے جبر اور ناجائز قبضے کے خلاف اس جرآت مندانہ جدوجہد میں سرخرو ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نریندر مودی ہٹلر کے نظریئے پر کاربند ہے، وہ بھارت میں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنا چاہتا ہے، مودی حکومت کی غیر ذمہ دارانہ، غیر قانونی اور جابرانہ پالیسیوں کی وجہ سے آج خطہ کئی مواقع سے محروم ہے، بدقسمتی سے بھارت میں ایک ایسی حکومت قائم ہے جسے عالمی ذمہ داریوں کا ادراک نہیں، یہ انتہا پسند لوگ ہیں اور آر ایس ایس کے فلسفے کے بہت قریب ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا منصفانہ اور دیرپا حل ہی خطے میں پائیدار امن اور ترقی کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ ہم جموں و کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں اور حق خودارادیت کی اس منصفانہ جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کا پرامن حل ہی پاکستان کا حتمی مقصد ہے
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=293942