برآمدات میں اضافہ اور درآمدات میں کمی سے تجارتی خسارہ کم ہوگیا

68

اسلام آباد ۔ 10 جنوری (اے پی پی) حکومت کے پالیسی اقدامات کے نتیجہ میں تجارتی خسارہ کم ہو گیا ہے جبکہ درآمدات میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ملک کی ادائیگیوں کے توازن کے حوالے سے خوش کن ہے، تجارتی خسارہ جو کہ جولائی سے لے کر دسمبر 2017ءتک 17.7 ارب ڈالر تھا وہ اب 2018ءکے اسی دورانیہ میں 5 فیصد کم ہو کر 16.8 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جولائی سے لے کر دسمبر 2018ءتک مجموعی طور پر درآمدات 2 فیصد سے زائد کم ہوئی ہیں جو کہ جولائی سے لے کر دسمبر 2017ءتک 28 ارب 70 کروڑ ڈالرز تھیں جو کہ اب جولائی سے لے کر دسمبر 2018ءمیں 28 ارب ڈالرز کی ہیں۔ درآمدات میں کمی کا یہ رجحان آر ڈی کے تحت بھی زیادہ واضح ہے جس کے تحت جولائی سے لے کر دسمبر 2017ءتک درآمدی ویلیو 5.2 ارب امرکی ڈالر تھی جو کہ اب جولائی سے لے کر دسمبر 2018ءتک کم ہو کر 4.4 ارب امریکی ڈالر ہو گئی جس سے 16 فیصد کمی کا پتہ چلتا ہے جو کہ 1994ءکی ٹیرف لائن پر موثر ہیں۔