12.7 C
Islamabad
ہفتہ, فروری 22, 2025
ہومتجارتی خبریںبرآمدات میں اضافہ کے ذریعہ اقتصادی ترقی کو آگے بڑھایا جا ئے...

برآمدات میں اضافہ کے ذریعہ اقتصادی ترقی کو آگے بڑھایا جا ئے ،سیمینار سے شرکاء کا خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):اسلام چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی ) کے تعاون سے ’’ایکسپورٹ فنانس، مارکیٹ ریسرچ اور ٹی ڈی اے پی کے سالانہ پلان آف ایکٹیویٹیز‘‘ پر ایک ہائی پروفائل سیمینار کا انعقاد کیا۔

سیمینار میں وزارت تجارت، سٹیٹ بینک آف پاکستان، ٹی ڈی اے پی اور ​​کاروباری برادری کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ سیمینار نے نئی برآمدی صلاحیتوں کو کھولنے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو آگے بڑھانے کے لئے مالی معاونت، مارکیٹ کی بصیرت، اور فعال تجارتی ترقی کی حکمت عملیوں پر بات چیت کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کیا۔

- Advertisement -

ٹی ڈی اے پی کے ڈائریکٹر ایل ذی خان نے مارکیٹنگ اور سہولت کاری کے فروغ میں اتھارٹی کے کردار کو اجاگر کیا۔ انہوں نے ٹی ڈی اے پی ، آئی سی سی آئی اور پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیا تاکہ برآمدات میں اضافہ کے ذریعے اقتصادی ترقی کو آگے بڑھایا جا سکے اور عالمی تجارت میں پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط کیا جا سکے۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے پاکستان کی بین الاقوامی تجارت میں ایک غالب قوت کے طور پر ابھرنے کی وسیع صلاحیت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ صحیح مالی معاونت، اسٹریٹجک مارکیٹ ریسرچ، اور ایک فعال تجارتی ترقی کے نقطہ نظر سے پاکستان نئے مواقع کھول سکتا ہے، برآمدات میں اضافہ کر سکتا ہے اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دے سکتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کو عالمی تجارتی منظر نامے میں ایک قابل اعتماد کھلاڑی کے طور پر اجاگر کرنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی متحدہ کوششوں پر زور دیا۔ وزارت تجارت سے تعلق رکھنے والے ارسلان زاہد خان نے تحقیق اور تجزیہ، ویلیو ایڈیشن، تجارتی قوانین کی تعمیل ، ریگولیٹری رکاوٹوں اور جدید آلات استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جوائنٹ ڈائریکٹر مختار کریم نے ایک جامع پریزنٹیشن کے ذریعے اسٹیٹ بینک کے ایکسپورٹ فنانسنگ اقدامات کے بارے میں بصیرت فراہم کی۔

اسٹیٹ بینک میں جوائنٹ ڈائریکٹر راحیل سومرو نے پاکستان کے معاشی مستقبل کی تشکیل میں بینکنگ سیکٹر کے اہم کردار پر روشنی ڈالی اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو سپورٹ کرنے والے کلیدی اقدامات کو اجاگر کیا ۔ایگزم بینک آف پاکستان کے ٹریڈ اینڈ فنانس آپریشنز کے سربراہ مزمل خان نے برآمد کنندگان کی سہولت کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ بینک کے تعاون کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ٹی ڈی اے پی کی ڈپٹی منیجر آئمہ ہدایت نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ٹی ڈی اے پی کے اہم کردار کے بارے میں بات کی۔

انہوں نے عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت کو بڑھانے کے لیے اتھارٹی کی کوششوں پر روشنی ڈالی جس میں تجارتی میلوں، نمائشوں اور خریدار- فروخت کنندگان کے اجلاسوں سمیت مختلف اقدامات شامل ہیں۔ انہوں نے برآمدات کو بڑھانے میں مارکیٹ ریسرچ اور انٹیلی جنس کی اہمیت پر بھی زور دیا۔سیمینار تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے پاکستان کی برآمدات کو بڑھانے، تجارتی پالیسیوں کو مضبوط بنانے اور ملک کے عالمی تجارتی نقش کو بڑھانے کے لئے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنے کے پختہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا ۔

نمایاں شرکاء میں ایگزیکٹو ممبران وسیم چوہدری، عرفان چوہدری، اسحاق سیال، ملک محسن خالد، آئی سی سی آئی کے صدر کے خصوصی مشیر نعیم صدیقی، سابق صدر میاں شوکت مسعود، سابق ایس وی پی خالد چوہدری اور آئی سی سی آئی کے ممبران یاسر خان اور ناصرہ علی نینا شامل تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564141

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں