اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشن فرنٹ (پیاف) کے پیٹرن انچیف میاں سہیل نثار، چیئرمین سید محمود غزنوی، سینئر وائس چیئرمین مدثر مسعود چودھری اور وائس چیئرمین راجہ وسیم حسن نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی معیشت کی جانب پیشرفت کے لئے آئندہ مالی کے بجٹ میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مختلف مراعاتی اقدامات کے ذریعے حکومتی سطح پر تحسین پیش کرنے کیلئے اقدامات خوش آئند ہیں اور اس پالیسی کا تسلسل جاری رہنا چاہئے۔
منگل کو اپنے ایک مشترکہ بیان میں پیاف رہنمائوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کیلئے طویل المدتی صنعتی حکمت عملی مرتب کرنا ہو گا،برآمدی ہدف کے حصول کے لئے نجی شعبے کی حمایت کی جائے اور مختلف شعبوں اور علاقوں میں نئی برآمدی صنعتوں کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات کے فروغ کے لئے چھوٹی صنعتوں کو بھی سہولتیں دی جائیں، ہمارے ہمسایہ ممالک ہینڈی کرافٹ سمیت دیگر چھوٹی مصنوعات کی برآمدات سے اربوں ڈالر زرمبادلہ کما کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ممالک سفارتخانوں میں کمرشل قونصلرز کی تعیناتی کے معاملے میں پالیسی میں بھی تبدیلی لائی جائے اور متعلقہ کیڈر کے افسران کی تعیناتیاں کی جائیں اور انہیں برآمدات کے فروغ کے لئے خصوصی ٹاسک سونپے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیاد فراہم کرنے میں ایک کلیدی کردار ہے جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ حکومت کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ خوش آئند ہیں اور اس پالیسی کا تسلسل جاری رہنا چاہئے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=585718