اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ برآمدات کو فروغ دیئے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایکسپورٹ میں اضافہ اور پاکستانی مصنوعات کی برانڈنگ کے موضوع پر رائونڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ برآمدات میں صرف ٹیکسٹائل ہی نہیں بلکہ دوسرے شعبوں کی برآمدات کو بڑھانے پر توجہ دینا ہوگی ،اس کے لئے ہمیں مصنوعات کے معیار پر توجہ دینا ہوگی تاکہ عالمی سطح پر مسابقت کی جاسکے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کلچر اور ورثے کے لحاظ سے مالا مال ہے ،کئی ملکوں نے اپنے کلچر اور ورثے کے برانڈ کو مارکیٹ کیا ہے ہمیں بھی اس پر توجہ دینا ہوگی ۔انہوں نے کہا مزید کہا کہ ہمیں سب کو مل پاکستان کے برانڈ کے کئے کام کرنا ہےتاکہ عالمی سطح پر پاکستان کو نمبر ون برانڈ میں شامل کرسکیں ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک نے کامیاب برانڈ بناکر کامیابی حاصل کی ،برآمدات کو بڑھانے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر پاکستانی برانڈز کو مضبوط کرنا ہوگا،عالمی مسابقت کے لئے پیداواری صلاحیت کو مضبوط کرنا ہے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ہر سیکٹر میں معیاری مصنوعات موجود ہیں ، پاکستان میں ایکسپورٹ ایمرجنسی کی ضرورت ہے،پاکستان کی پائیدار اور ابھرتی ہوئی کمپنیاں بیرون ملک پاکستان کا برانڈ ہیں ،عالمی سطح پر پاکستان کو ترجیحی برانڈ بنانے کے لئے مل کرکام کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ نجی سرمایہ کاروں کو اگلے پانچ سالوں کے دوران برآمدات دوگنا کرنے کا لائحہ عمل تیار کرنا ہوگا ،حکومت برآمدات بڑھانے کے لئے نجی شعبہ کی پشت پر کھڑی ہوگی ۔