اسلام آباد ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان کی برآمدی شعبہ میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں اضافہ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جا رہی ہے جس سے ملک میں کی جانے والی سرمایہ کاری بڑھنے سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع کی فراہمی سے بے روزگاری کی شرح کو بھی کم کرنے میں مدد ملے گی۔ سرمایہ کاری بورڈ کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ پانچ سال کے دوران پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی گئی ہے جس میں سے 81 فیصد سرمایہ کاری پاور، آئل اینڈ گیس، کنسٹرکشن، فنانشل بزنس، آئی ٹی کمیونیکیشن، ٹرانسپورٹ اور تجارت کے شعبہ جات میں کی گئی ہے۔