اسلام آباد۔18اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات مفتاح اسماعیل نے کہاہے کہ برآمدی شعبہ کو فروغ دیناحکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔اس شعبہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن آپٹما کے وفد سے ملاقات میں کہی۔وفد میں سرپرست اعلیٰ اپٹما ڈاکٹر گوہر اعجاز، چیئرمین اپٹما عبدالرحیم ناصر، چیئرمین نارتھ زون پنجاب حامد زمان، سابق چیئرمین اپٹما عامر فیاض،اور سیکریٹری جنرل شاہد ستار شامل تھے۔
ایف بی آر،وزارت خزانہ اور وزارت تجارت سینئر افسران بھی اس موقع پرموجود تھے۔ وفد نے وزیر خزانہ کو ملک کی اقتصادی ترقی میں ٹیکسٹائل شعبہ کے کردار کے بارے میں آگاہ کیا اور بتایا کہ اس شعبہ کا برآمدات میں بہت زیادہ حصہ ہے۔یہ شعبہ زرمبادلہ لانے میں بھی کلیدی کردار اداکررہاہے ۔ وزیر خزانہ کو اس شعبے کو درپیش مختلف مسائل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جو خاص طور پر سیلز ٹیکس ریفنڈز سے متعلق ہیں جس کے نتیجے میں ٹیکسٹائل انڈسٹری کے سپلائرز کو کیش کی کمی کا سامنا ہے۔
وزیر خزانہ نے مسائل پر جامع غور و خوض کے بعد وفد کو یقین دلایا کہ ملک کے برآمدی شعبوں کو فروغ دینا حکومتِ کی ترجیحات میں شامل ہیں اور اس سلسلے میں موجودہ حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر خزانہ نے متعلقہ حکام کو ایکسپورٹ اورینٹڈ ٹیکسٹائل شعبہ کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وفد نے ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل حل کرنے اور تعاون فراہم کرنے پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔