
اسلام آباد۔1ستمبر (اے پی پی):کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن اعجاز الرحمان نے کہا ہے کہ ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات سے قبل معیار کو سو فیصد یقینی بنانے کیلئے خام مال ، مصنوعات کی انسپکشن اور سرٹیفکیشن کیلئے عالمی معیار کی لیبارٹری کا قیام عمل میں لایا جانا چاہیے ، اکتوبر میں لاہور میں منعقد ہونے والی عالمی نمائش میں ڈسپلے کئے جانے والے قالینوں کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے غیر معمولی جانچ پڑتال کی جائے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت سے وابستہ سٹیک ہولڈرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو درپیش مسائل اوراکتوبر میں منعقدہ عالمی نمائش کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سی ٹی آئی کے چیئر پرسن اعجاز الرحمن نے کہا کہ موجودہ سخت مسابقتی حالات کے پیش نظر ہمیں دنیا میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ رہنا ہوگا۔ تیارمصنوعات کو عالمی منڈیوں میں بھجوانے سے قبل خام مال اور تیار مصنوعات کے معیار کی بھرپور جانچ اور تجزیہ کرنا چاہیے اور یہ مراحل ایک عالمی معیار کی لیبارٹری میں تربیت یافتہ ماہرین کے ذریعے ہی مکمل ہو سکتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اس پر عمل پیرا ہو جائیں تو عالمی منڈیوں میں روایتی حریفوں کے مقابلے میں ہماری ساکھ مزید بہتر ہو سکتی ہے جس سے صنعت کو گروتھ بھی ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اس تناظر میں جدید لیبارٹریاں قائم کی جاتی ہیں لیکن پاکستان میں لیبارٹریوں اور ٹیسٹوں کا کلچر نہیں تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس طرف سنجیدگی سے پیشرفت کریں ۔
متعلقہ حکومتی ادارے خصوصاً ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذمہ داران کو اس سلسلہ میں خصوصی معاونت فراہم کرنی چاہیے تاکہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں حریف ممالک پرسبقت حاصل ہو سکے ۔