برائی کے خلاف کھڑا ہونا پوری قوم کا فرض ہے، 27 مارچ کو عوام کا سمندر چوروں کے خلاف نکلے گا اور انہیں یہ پیغام دے گا کہ تمہاری لوٹ مار کے دن ختم ہوچکے، میری جان بھی چلی جائے انہیں معاف نہیں کروں گا،وزیراعظم عمران خان کا جلسہ عام سے خطاب

112
برائی کے خلاف کھڑا ہونا پوری قوم کا فرض ہے، 27 مارچ کو عوام کا سمندر چوروں کے خلاف نکلے گا اور انہیں یہ پیغام دے گا کہ تمہاری لوٹ مار کے دن ختم ہوچکے، میری جان بھی چلی جائے انہیں معاف نہیں کروں گا،وزیراعظم عمران خان کا جلسہ عام سے خطاب

کمالیہ۔26مارچ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برائی کے خلاف کھڑا ہونا پوری قوم کا فرض ہے، 27 مارچ کو عوام کا سمندر چوروں کے خلاف نکلے گا اور انہیں یہ پیغام دے گا کہ تمہاری لوٹ مار کے دن ختم ہوچکے، چوری کے پیسے سے یہ لوگ اراکین پار لیمنٹ کے ضمیر خرید رہے ہیں،

انہوں نے مشرف دور کی طرح این آر او کے حصول کی پوری کوشش کی لیکن میں انہیں بار بار بتاتا ہوں کہ حکومت تو معمولی چیز ہے میری جان بھی چلی جائے انہیں معاف نہیں کروں گا، یہ اقتدار میں آکر اپنے کرپشن کیسز ختم اور لندن میں بیٹھے بھگوڑے کو واپس لائیں گے جو عدلیہ اور فوج پر حملہ آور ہوگا،

پیسے کے پجاری یہ لوگ کبھی بھی آزاد خارجہ پالیسی کے حامی نہیں ہوسکتے، ہفتہ کو کمالیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاض فتیانہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ اتنا بڑا پنڈال بھرا ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی شکلیں دیکھ کر ان کی واپسی کے خوف سے اللہ نے لوگوں کے دل کو میری طرف پھیر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ساری دنیا گھوما ہوں، برطانیہ کا سارا نظام قریب سے دیکھا ہے، اس سسٹم کا میرے برابر کسی اور لیڈر کا مطالعہ نہیں، اس ملک کا مستقبل قوم ہیں، اچھے اور برے کی تمیز کی ہے، تمیز نہ کرنے والی قوم ”مر” جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ نے قرآن میں امر بالمعروف کا حکم دیا ہے، حقوق کیلئے قانون کی بالادستی، فلاحی ریاست بنانے کا حکم دیا، برائی کے خلاف جہاد کا حکم دیا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ میں جب برائی دیکھتے ہیں تو اللہ نے یہ حکم نہیں دیا کہ آپ نیوٹرل رہیں۔ کسی ایک کے ساتھ شامل ہونا پڑے گا، تیس سال سے قوم اور ملک کو لوٹنے والے جن کے خلاف نیب میں کیسز ہیں ان میں سے ایک ڈیزل کے پرمٹ پر اپنا ضمیر فروخت کرتا ہے،

دوسرا زرداری پر اربوں کے جعلی کیسز نیب میں چل رہے ہیں، تیسرا شہباز شریف ہے جس کے چپڑاسی کے بنک اکائونٹ میں 375 کروڑ روپیہ آجاتا ہے۔ سارے نوکروں کے اکائونٹس میں 16 ارب روپے آئے اس کا کیس لگا ہے یہ وہاں تاخیری حربے استعمال کر رہاہے اسے پتہ ہے کہ اگر عمران خان کی حکومت مزید برقرار رہی تو اسے جیل جانا پڑے گا

، چوتھا عدالت سے سزا یافتہ بیٹی کے نام پر اربوں روپے کے محلات کا مالک ہے جس کے کیس چل رہے ہیں اور وہ ملک سے بھاگا ہوا ہے، یہ سارے نیب زدہ اکٹھے ہوگئے ہیں، ان کی ساری فیملی لندن بیٹھی ہے ان سب نے مل کر فیصلہ کیا کہ عمران خان کی حکومت گرائو اور اقتدار میں آکر سب سے پہلے یہ نیب ختم کریں گے انہوں نے این آر او کے حصول کی پوری کوشش کی جیسے مشرف نے ان کو این آر و دیا، اس کے بعد انہوں نے دس سال میں دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹا۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں بار بار ان کو کہتا ہوں کہ حکومت تو معمولی چیز ہے میری جان بھی چلی جائے میں انہیں معاف نہیں کروں گا ،ان کی کوشش ہے کہ اقتدار میں آکر انپے کرپشن کیسز ختم کرائیں، جونہی یہ کیس ختم ہوگئے، لندن میں بیٹھا بھگوڑا واپس آجائے گا۔

میڈیا میں پیسے چلانے کا آغاز اس نے کیا ، اب یہ پاکستان کی عدلیہ کے اوپر حملہ آور ہوگا کیونکہ کرپٹ عناصر کا پہلا کام عدالتوں کو کام نہ کرنے دینا ہے۔ انہوں نے ماضی میں سپریم کورٹ پر حملہ کیا یہ ہمیشہ اپنے امپائر رکھ کر کرکٹ کھیلتا تھا، ان کے بغیر یہ کوئی میچ نہیں جیتا، ماضی میں اس نے ججز، میڈیا کوخریدا، اراکین کے ضمیر خریدنے کیلئے چھانگا مانگا لگایا۔

اس کا اگلا حملہ پاک فوج پر ہوگا، ماضی میں ہر آرمی چیف کے ساتھ اس کے اختلافات رہے۔وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف چھپ چھپ کر نریندر مودی سے ملتا رہا، برکھا دت نے اپنی کتاب میں اس کا انکشاف کیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ اسے فوج سے خوف تھا اور وہ یہ پیغام دے رہا تھا کہ میں بھارت کے ساتھ دوستی کرنا چاہتا ہوں لیکن فوج نہیں مان رہی۔

آصف زرداری کے دور میں امریکہ میں پاکستانی سفیر امریکی فوج کے سربراہ کو کہتا رہا کہ وہ زرداری کو فوج سے بچائے، یہ پیسے کے غلام ہیں، یہ پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی کے حامی نہیں ہوسکتے، یورپی یونین کونسل کے صدر نے فون کرکے یوکرین اور روس کی جنگ میں مجھے کردار ادا کرنے کا کہا ،کیا شہباز شریف سے بھی ایسی توقع ہوسکتی ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، 100 ارب ڈالر کا معاشی نقصان کیا

، قبائلی بے گھر ہوئے، ہمیں الٹا افغانستان میں جنگ کا ذمہ دار قرار دیا گیا، ہمارے ملک پر ڈرون حملے کئے گئے، کیا میں اس پر ابسولٹیلی ناٹ نہ کہتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی ملک سے تعلقات خراب کرنے کے حق میں نہیں لیکن تعلقات اچھے کرنے اور جوتے پالش کرنے میں بڑا فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کبھی ایسے لوگوں کو ووٹ نہ دے جس کے سربراہ کا پیسہ باہر پڑا ہو، وہ ملک کی خارجہ پالیسی آزاد نہیں ہونے دے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں ٹیکس محصولات، برآمدات، ترسیلات زر کے ساتھ ساتھ ریکار فصلیں ہوئیں، مہنگائی اس وقت دنیا کے مقابلے میں کم ترین سطح پر ہے، روزگار میں ایشیا میں پاکستان سب سے آگے ہے، اسی وجہ سے ہماری حکومت کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں

، چوری کے پیسے سے ایم این ایز کے ضمیر خریدے جا رہے ہیں۔ انہوں پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ 27 مارچ کو اسلام آباد پہنچے اور ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوں جو چوروں کے خلاف برسرپیکار ہیں، پاکستان کی تاریخ کا یہ فیصلہ کن دن ہوگا جب عوام کا سمندر نکلے گا، مجرموں کو یہ پیغام دینا ہے کہ تمہاری لوٹ مار کے دن ختم ہوچکے، یہ جلسہ ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔