برازیلیا ۔13اگست (اے پی پی):برازیل کے ریاستِ پارانا کے شہر کواترو بارس میں بارودی مواد تیار کرنے والی فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔شنہوا کے مطابق مقامی حکام کے مطابق، یہ دھماکہ انکس برازیل کمپنی کے صنعتی علاقے میں واقع یونٹ میں اُس وقت ہوا جب ملازمین دھماکہ خیز مواد کو ایک ٹرک میں لوڈ کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔
واقعہ ریاستی دارالحکومت کیوریتیبا کے قریب پیش آیا۔کمپنی نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے متاثرہ افراد کے ناموں کی فہرست فراہم کی، اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ زخمی افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔
برازیل کی وزارت محنت نے کمپنی کے ہیڈکوارٹرز میں حفاظتی انتظامات کی جانچ کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ریاستی سیکرٹری برائے عوامی تحفظ، ہڈسن ٹیشیرا کے مطابق، ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں، اور ان کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کی ضرورت پیش آئے گی۔