ریوڈی جنیرو ۔ 18جون (اے پی پی) لاطینی امریکہ کے ملک برازیل میں مہلک کوروناوائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 46 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ جمعرات کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق برازیل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 32 ہزار نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرین کی تعداد 960665 ہوگئی ہے۔ ملک میں کوروناوائرس سے اب تک 46665 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ برازیل کی وزارت صحت کے مطابق ملک میں اس وقت فعال مریضوں کی تعداد 410137 ہے۔ حکام نے بتایا کہ برازیل کے مختلف علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وائرس سے مزید 1269 افراد ہلاک ہوئے۔کورونا وائرس کے کیسز کے حوالے سے برازیل دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے۔ مہلک وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے اعتبار سے بھی برازیل امریکہ کے بعد دوسرے مقام پر ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ برازیل میں کوروناوائرس کا پہلا کیس اس سال 26 فروری کو سامنے آیا تھا۔ دنیا کا سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے جہاں متاثرین کی تعداد 22 لاکھ سے زائد ہے جبکہ ایک لاکھ 19 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔دنیا بھر میں کورونا سے اب تک 4 لاکھ 51 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔