برازیل نے برکس کی گردشی صدارت سنبھال لی

107
برازیل نے برکس کی گردشی صدارت سنبھال لی

ساؤ پاؤلو۔2جنوری (اے پی پی):برازیل نے برازیل، روس،بھارت ، چین اور جنوبی افریقہ پر مشتمل گروپ برکس کی گردشی صدارت سنبھال لی۔ شنہوا کے مطابق اس موقع پر برازیل کی حکومت کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ برکس کی صدارت کے دوران اس کا ایجنڈا عالمی جنوبی تعاون کو مضبوط بنانے پر مرکوز رہے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ برازیل برکس کے صدر کی حیثیت سے بین الاقوامی طرز حکمرانی میں اصلاحات پر بھی توجہ مرکوز کرے گا اور گروپ کے اراکین کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کے لیے میکانزم تیار کرے گا۔

برازیلی حکومت نے کہا ہے کہ برکس عالمی جنوبی ممالک کے لیے ایک اہم سیاسی اور سفارتی فورم ہے جو مختلف شعبوں میں تعاون پر توجہ مرکوز کرتا ہے، اس کے کلیدی اہداف میں رکن ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے ادائیگی کا نظام تیار کرنا، مصنوعی ذہانت کے جامع اور ذمہ دارانہ طرز حکمرانی کو فروغ دینا اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مالیاتی نظام کو بہتر بنانا شامل ہے۔

برکس کا ایجنڈا زمین کے جنوبی نصف کرے کے ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی منصوبوں پر بھی زور دیتا ہے جن میں صحت عامہ اور برکس کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی مضبوطی سے متعلق منصوبے خاص طور سے قابل ذکر ہیں۔ اس سال کے آخر تک میزبان ملک کے طور پر برازیل ورکنگ گروپ کے اجلاسوں کا اہتمام اور نگرانی بھی کرے گا ۔