برازیل نے ریو اولمپکس گیمز مینز فٹ بال ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کر دی میزبان ٹیم نے عالمی چیمپئن جرمنی کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر شکست دی

162

ریو ڈی جنیرو ۔ 21 اگست (اے پی پی) میزبان برازیل نے ریو اولمپکس گیمز مینز فٹ بال ٹورنامنٹ میں طلائی تمغہ جیت لیا۔ میزبان ٹیم نے فیصلہ کن معرکے میں عالمی چیمپئن جرمنی کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد پنالٹی شوٹ آﺅٹ پر زیر کر کے اولمپکس گیمز کی تاریخ میں پہلی بار مینز فٹ بال ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ نیمار نے فیصلہ کن گول کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی۔ برازیل میں منعقدہ ریو اولمپکس گیمز مینز فٹ بال ایونٹ کے فائنل میں میزبان برازیل نے عالمی چیمپئن جرمنی کو کانٹے دار مقابلے کے بعد پنالٹی ککس پر 5-4 گولز سے زیر کر کے طلائی تمغہ اپنے نام کیا، مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر تھا تاہم پنالٹی ککس پر برازیل نے میدان مار لیا، برازیل نے جرمنی کو 4 کے مقابلے میں 5 گولز سے زیر کر کے پہلی بار اولمپکس گیمز میں مینز فٹ بال ایونٹ میں طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔