ریو ڈی جنیرو۔30دسمبر (اے پی پی):برازیل کے لیجنڈری فٹبالر پیلے82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ فٹ بال کی دنیا کے شہرہ آفاق کھلاڑی پیلے آنتوں کےکینسر میں مبتلا تھے جس کے باعث وہ گزشتہ رات چل بسے۔لیجنڈری برازیلین فٹبالر پیلے کی بیٹی کیلی نیسکیمینٹو نے ان کی موت کی تصدیق کر دی ہے۔
مشہور برازیلین فٹ بالر کو بڑے پیمانے پر اب تک کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا اور انہوں نے اپنے کیریئر میں 3 بار برازیل کو فیفا ورلڈ کپ ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ رواں ماہ کے آغاز میں پیلے کی کینسر کے مرض کے حوالے سے ڈاکٹرز کے ناامید ہونے کے بعد یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پیلے کی حالت تشویشناک ہوگئی تھی ۔ ان کے بارے میں پہلے ان کی صاحبزادی نے بتایا تھا کہ ان کی حالت بہتر ہے۔ دو ہفتے قبل پیلے کو ایک مرتبہ پھر انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کروا گیا تھا۔
اس سے تین دن قبل انہیں آنت کے کینسر کے آپریشن کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا تھا لیکن سرجری کے بعد وہ بیمار رہنے لگے تھے ۔ لیجنڈری فٹبالر کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے 22 دسمبر کو ڈاکٹرز نے بتایا تھا کہ ان کی صحت بگڑ رہی ہے۔سانس کے انفیکشن اور آنت کے کینسر کی پیچیدگیوں کے باعث انہیں برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے البرٹ آئن سٹائن ہسپتال میں دوبارہ داخل کرایا گیا جہاں پیلے بیماری کی وجہ سے ہسپتال پہنچے تو اُن کا مرض سنبھل نہ سکا،
ڈاکٹروں نے بتایا کہ پیلے کا کینسر پھر سے بڑھ چکا ہے اس لیے اُن کو زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت ہے، تاہم ہسپتال داخلے کے ایک ہفتے بعد وہ وفات پا گئے۔ پیلے 23 اکتوبر 1940 کو برازیل میں پیدا ہوا۔خیال رہے کہ 82 سالہ پیلے نے اپنے 22 سالہ کیریئر میں 90 میچز میں برازیل کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 77 گول بنائے۔لیجنڈری فٹبالر 1958، 1962 اور 1970 میں فیفا ورلڈکپ کی فاتح برازیلین ٹیم کا حصہ رہے تھے ۔پیلے 1977 میں ریٹائر ہوگئے تھے ۔ پیلے نے اپنے22 سالہ کیریئر میں 1300 سے زائد میچ کھیلے اور تقریباً اتنے ہی گول کیے۔