اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی ) سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں رواں مالی سال کے دوران 115.75 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی ) کی رپورٹ کے مطابق جار ی مالی سال کےابتدائی نو مہینوں میں جولائی 2024 تا مارچ 2025 کے دوران ایف ڈی ائی سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کا حجم 1.649 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل 746.3 ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے تھے۔
اس طرح گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 884.7 ملین ڈالر یعنی 115.75 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایس بی پی کے مطابق جاری مالی سال میں غیر ملکی نجی سرمایہ کاری بھی 61.7 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 70.8 ملین ڈالر تک بڑھ گئی ۔ رواں مالی سال میں توانائی کے شعبہ سے سب سے زیادہ 327.9 ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے ہیں جبکہ گذشتہ مالی سال کے ابتدائی نو مہینوں میں پاور سیکٹر کی جانب سے 113.5ملین ڈالر منافع جات منتقل کئے گئے تھے ۔
رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں ایف ڈی آئی سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں فوڈ سیکٹر 291 ملین ڈالرکی منتقلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ مالیات کا شعبہ 214.2 ملین ڈالر منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا ہے ۔
ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے پہلے نو مہینوں کے دوران ملک میں کی جانے والی ایف ڈی آئی 14 فیصد کے اضافہ سے 1.649 ارب ڈالر تک بڑھ گئی جبکہ مارچ 2024 کی 294.2 ملین ڈالر کی ایف ڈی آئی کے مقابلہ میں مارچ 2025 میں 25.7 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔