براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری ملازمت کے مواقع پیدا کرکے اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، مہر کاشف یونس

159
Mehr Kashif Younis
Mehr Kashif Younis

اسلام آباد۔13جولائی (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سرمائے کی فراہمی، جدید ٹیکنالوجی و مہارتوں اور ملازمت کے مواقع پیدا کرکے اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

جمعرات کو یہاں’’غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری پر غیر ضروری اسکریننگ کے اثرات‘‘ کے موضوع پر گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاستوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ سرمایہ کاری کا حصول کرتے وقت اپنی قومی سلامتی اور اقتصادی مفادات کا تحفظ کریں تاہم طویل اسکریننگ کے اقدامات عالمی ایف ڈی آئی پر منفی اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ سکیورٹی خدشات اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے خوش آئند ماحول پیدا کرنے کے درمیان توازن قائم کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرف سے زیادہ پابندیوں اور غیر ضروری اسکریننگ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ شکنی اور ترقی پذیر ممالک، خاص طور پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہاو ¿ میں رکاوٹ پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور ترقی پر اقوام متحدہ کی کانفرنس (UNCTAD) نے بھی حال ہی میں خبردار کیا ہے کہ ضرورت سے زیادہ اسکریننگ کے نتیجے میں میزبان ملک کے لیے سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے مواقع ضائع ہو سکتے ہیں۔ آج کی عالمگیر معیشت میں، سرمایہ کار ممالک زیادہ سازگار ماحول والے متبادل مقامات کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

مہر کاشف یونس نے کہا کہ یہ عمل زیادہ سرمایہ کار دوست ماحول والے ملک کو دوسروں کے مقابلے میں کم مسابقتی بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت قابل تجدید توانائی سپلائی چین میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کا سلسلہ بڑھ رہا ہے اور چین ایف ڈی آئی میں دنیا کا دوسرا سب سے بڑا میزبان ملک ہے۔