سیالکوٹ۔ 03 جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ سیالکوٹ ڈاکٹر انعام علی اطہر نے کہا ہے کہ موسم گرمامیں برسات سے قبل گائے، بھینسوں کوحفاظتی ٹیکے لگوا کر گل گھوٹو سمیت ہر قسم کی بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے، موسمی اثرات کے زیر اثر گل گھوٹو کا مرض کسی بھی وقت ہوسکتا ہے اور چھوٹی عمر کے مویشی اس مرض میں مبتلا ہو کرجلد ہلاک ہوجاتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اے ڈی لائیو سٹاک نے کہا کہ گل گھوٹو کا مرض بیمار جانوروں کی رال، گوبراور جراثیم آلود خوراک سے تندرست مویشیوں میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گائیوں، بھینسوں میں گلے کی سوزش، تیز بخار، نتھنے پھولنے، سانس کے ساتھ مخصوص خراٹے دار آواز آنے اور آنکھوں سے آنسو بہنے کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر گل گھوٹو سے بچاؤ کے ٹیکے لگوانے چاہئیں۔
ڈاکٹر انعام علی اطہر نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مویشی پال حضرات کسی بھی ایمرجنسی، رہنمائی، مشاورت، معلومات کیلئے قریبی ویٹرنری ہسپتال میں موجود عملہ سے راہنمائی لے سکتے ہیں۔