24.1 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومقومی خبریںبرسلز، پاکستانی سفارتخانے میں یوم استحصال کشمیر کی تقریب، کشمیری عوام کے...

برسلز، پاکستانی سفارتخانے میں یوم استحصال کشمیر کی تقریب، کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا

- Advertisement -

برسلز۔5اگست (اے پی پی):برسلز میں پاکستان کے سفارت خانے نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے چھ سال مکمل ہونے پر کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب کے آغاز پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے جن میں اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی بے لوث حمایت کو دہرایا گیا۔ پروگرام میں تقاریر اور شاعری کے ذریعے کشمیری عوام کے درد، صبر اور عزم کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

پاکستان پریس کلب بیلجیم کے صدر عمران ثاقب نے کشمیری عوام کے جذبے کو اجاگر کرتے ہوئے پراثر اشعار پیش کیے۔ کشمیر کونسل یورپی یونین نے ایک جامع خطاب میں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بالخصوص2019 کے بعد کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی بحران کو حل کرنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات اٹھائے۔ کشمیر پیس فورم کے صدر چوہدری ناصر نے کشمیری عوام پر دہائیوں پر محیط مظالم اور انصاف کے قیام کے لیے عالمی سطح پر متحد کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

- Advertisement -

کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضا سید کو یورپی یونین میں کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے پر ان کی خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے سفیر نے سرٹیفکیٹ آف ریکگنیشن پیش کیا۔ یورپی یونین، بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے کلیدی خطاب میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششوں کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے یورپی یونین اور بین الاقوامی انسانی حقوق اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے ساتھ انصاف کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں ۔ قبل ازیں پاکستان کے سفارت خانے برسلز نے کشمیر کے حالات پر ایک ہفتہ بھر طویل فوٹو نمائش کا افتتاح کیا جس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو تصاویر کے ذریعے اجاگر کیا گیا، یہ نمائش کشمیریوں کی بے پناہ تکالیف اور ان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے ۔

اس تقریب میں پاکستانی نژاد بیلجئم شہریوں، صحافیوں، طلبہ اور سفارتخانے کے اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکا نے جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کیا اور ہر بین الاقوامی فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کرنے کے عزم کو دہرایا ۔ یہ نمائش کشمیر کے مسئلے پر عالمی شعور بیدار کرنے کی ایک کوشش ہے، جس میں بھارتی فوج کے مظالم اور کشمیریوں کی مزاحمت کو اجاگر کیا گیا۔ شرکا نے عالمی برادری پر زوردیا کہ اس مسئلے پر فوری توجہ دے ۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں