برسلز میں دنیا کی سب سے بڑی پارلیمنٹ کے باہر غیور پاکستانیوں کا پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد ریلی کا انعقاد

169
Brussels
Brussels

برسلز۔8جنوری (اے پی پی):بیلجیئم کے دارالخلافہ برسلز میں بدھ کو دنیا کی سب سے بڑی پارلیمنٹ کے باہر غیور پاکستانیوں نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد ریلی کا انعقاد اور عظیم الشان مظاہرہ کیا جس میں سبز ہلالی پرچم تھامے غیور پاکستانیوں نے ’’نکلو سپہ سالار کی خاطر، تیرا ضمیر میرا ضمیر عاصم منیر عاصم منیر‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگا کر پاک فوج کے ساتھ اپنی محبت کا بھر پور مظاہرہ کیا۔

جاری پریس ریلیز کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے کہا کہ وہ پاک فوج کی قیادت کے ساتھ جم کر کھڑے ہیں اور پاک فوج کے خلاف ہر فتنے کو شکست دیں گے۔غیور پاکستانیوں کا اپنے وطن اور فوج کے کے لیے جوش و جذبہ اور ولولہ دیدنی تھا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ وہ سب پاکستان، پاک فوج اور سپہ سالار کے ساتھ کھڑے ہیں اور سب نے یک زبان ہو کر سول نافرمانی نامنظور نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے۔

اس ریلی میں بیلجیئم سے سٹوڈنٹس ، بزنس کمیونٹی اور دوسرے مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر شرکت کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سب پاکستان کے خلاف اور افواج پاکستان کے خلاف کی جانے والی زبان درازی کو سختی کے ساتھ بند کریں گے۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قد آور تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور ہر طرف سبز ہلالی پرچم کی بہار تھی۔