برسلز۔19جنوری (اے پی پی):بیلجیئم کےدارالحکومت برسلز میں سینٹرل اسٹیشن کے سامنے’’ پاکستان زندہ باد اور استحکامِ پاکستان ‘‘ریلی کا اہتمام کیا گیا، شرکا نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم، شہدائے افواجِ پاکستان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر اٹھا کر افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی اور محبت کا اظہار کیا۔
اتوار کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق اس ریلی کا اہتمام ہم ہیں پاکستان آرگنائزیشن بیلجیئم،پاکستان کمیونٹی اتحاد آرگنائزیشن بیلجیئم اور پاکستانی وکشمیری کمیونٹی کے مشترکہ تعاون سے کیا گیا جسکی قیادت کمیونٹی رہنما راجہ محمد خالد اور فرید خان نے کی ۔ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں سبز ہلالی پرچم، شہدائے افواجِ پاکستان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر اٹھا کر افواجِ پاکستان سے بھرپور یکجہتی اور محبت کا اظہار کیا۔ریلی میں بیلجیئم کی مختلف پاکستانی تنظیموں کے رہنمائوں نے بھرپور شرکت کی ۔
اس موقع پر پاک فوج زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ شرکا نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے قد آور پورٹریٹ بھی اٹھا رکھے تھے ،ریلی میں ملی نغموں کے دوران شرکا نے جھنڈے لہرا کر پاکستان اور افواجِ پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کمیونٹی رہنمائوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملکی سلامتی اور بقا کی ضمانت ہیں، افواجِ پاکستان پوری قوم کا فخر ہیں، آج پاکستان میں جو امن ہے اورہم اس وطن عزیز کی آزاد فضائوں میں سکھ اور چین سے زندگی بسر کر رہے ہیں، یہ ان عظیم افواج پاکستان کے شہدا کی لازوال قربانیاں کی بدولت ہی ہے،
اوورسیز پاکستانی اور پاکستان کے عوام اپنے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، اس وقت ہمیں آپس میں قومی اتحاد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حالات کچھ بھی ہوں ہم پاکستان اور افواج پاکستان کے استحکام، ترقی اور خوش حالی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔