26 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومعلاقائی خبریںبرسلز میں کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی کی بطور...

برسلز میں کشمیر پر بین الاقوامی کانفرنس،گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی کی بطور مہمان خصوصی شرکت

- Advertisement -

برسلز۔24اگست (اے پی پی):کشمیر کونسل یورپ (ای یو) کے زیر اہتمام یورپی پریس کلب برسلز میں ’’جموں و کشمیر بین الاقوامی سیاسی تناظر میں‘‘ کے عنوان سےایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی مہمان خصوصی تھے۔اتوار کو برسلز سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کانفرنس کے دوران مقررین نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر روشنی ڈالی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اپنے خطاب میں زور دے کر کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تب تک برقرار نہیں رکھا جا سکتا جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہو جاتا اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کے وعدوں کے مطابق حق خودارادیت نہیں مل جاتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان، مقبوضہ کشمیر کی بھارتی قبضے سے آزادی تک کشمیری عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔گورنر فیصل کنڈی نے بتایا کہ انہوں نے یورپی اعلی عہدیداروں اور اہم شخصیات سے بات چیت کے دوران انہیں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلوں سے ہونے والے حالیہ نقصانات سے آگاہ کیا ہے۔پاکستان کے سفیر برائے بیلجیم، لکسمبرگ اور یورپی یونین رحیم حیات قریشی نے بھی مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے مستقل موقف کی توثیق کی اور کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی جدوجہد کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

- Advertisement -

کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی جانب سے کشمیری عوام پر مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ دن بدن ان مظالم میں اضافہ ہورہا ہے اور بھارت کو کوئی روکنے والا نہیں۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان مظالم کے خلاف فوری اقدامات اٹھائے اور بھارت پر دباؤ بڑھائے تاکہ وہ کشمیریوں کو ان کا حق ارادیت دے کر مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار کرے۔کانفرنس کے دیگر مقررین میں فصیح شاہ، ڈاکٹر ظہور منظور، کونسلر محمد ناصر، سینئر کشمیری رہنماء سردار صدیق، پیپلز پارٹی برطانیہ کے اسد نواز، سردار آمنہ خان اور مصطفیٰ خان شامل تھے۔

تقریب کی نظامت چوہدری عمران ثاقب نے کی۔تمام مقررین نے عالمی برادری، خاص طور پر یورپی یونین، پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل کے حصول کے لیے اپنا فعال اور مؤثر کردار ادا کرے۔

کانفرنس کے دوران چیئرمین کشمیرکونسل یورپ علی رضا سید نے بلجیئم سے تعلق رکھنے والے یورپی صحافی ’’سدریک گربہائے‘‘ کی جموں و کشمیر کے بارے میں تصاویر اور ان کی تفصیلات پر مشتمل کتاب ’’کشمیر: ویٹ اینڈ سی‘‘ گورنر فیصل کریم کنڈی اور ایمبیسڈر رحیم حیات قریشی کو پیش کی۔اس کتاب کی تعارفی تقریب پانچ ستمبر کو فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک عالمی کتاب میلے کے دوران منعقد ہوگی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں