برصغیر کے مسلمانوں کی علیحدہ ریاست کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور

76

پشاور۔ 25 دسمبر (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے برصغیر کے مسلمانوں کے لئے علیحدہ ریاست کے قیام کے لیے قائداعظم محمد علی جناح کی دانشمندانہ قیادت اور انتھک جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد اعظم کی قیادت میں مسلم رہنمائوں کی جدوجہد سے مملکت خداداد پاکستان معرض وجود میں آئی جس کی بقاو سلامتی اور ترقی و خوشحالی ہماری اولین ذمہ داری اور ترجیح ہے،

قائداعظم کے زریں اصولوں ایمان، اتحادا ورتنظیم کو اپنی زندگی کا شعار بنا کر ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کی مناسبت سے جاری پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پڑوسی ملک بھارت کے مسلم مخالف اور جارحانہ رویے نے ثابت کر دیا ہے کہ مسلمانوں کےلئے علیحدہ ریاست کے قیام کا فیصلہ درست اور ضروری تھا ، پاکستان کا قیام برصغیر کے مسلمانوں کے مسائل کا واحد اور کل وقتی حل تھا۔

علی امین گنڈا پور نے کہاکہ اپنے وطن کی بقاو سلامتی کے لئے پاک افواج اور پاکستانی قوم نے پہلے کسی قربانی سے دریغ کیا ہے اور نہ آئندہ اپنے وطن کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ کریں گے۔ اُنہوں نے کہاکہ پاکستان ہمارے آبائو اجداد اور اسلاف کی عظیم قربانیوں کے نتیجے میں وجود میں آیا جس کا اصل مقصد ایک اسلامی فلاحی ریاست کا قیام تھا

، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بانیان پاکستان کے وژن کے مطابق اس ملک کو ایک عظیم فلاحی ریاست بنانے کےلئے سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنا انفرادی اور اجتماعی کردار ادا کریں اور ملک میں قانون ، انصاف اور میرٹ کا نظام قائم کریں جو ایک فلاحی ریاست کے بنیادی ستون ہیں۔