برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا سیمینار سے خطاب

103
نوشہرہ ، قاضی حسین احمد میڈیکل کمپلیکس کے ماہر امراض قلب نے سٹینوز والو کی شکایت کے ساتھ کامیاب کارڈیو آپریشن کردیا

اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) برطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ نے اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں حقائق معلوم کرنے کا مشن جلد سے جلد بھجوائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیر پر ایک مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھارتی سیکورٹی فورسز کی طرف سے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کرے گا۔ سیمینار میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کا ایک وفد بھی زمینی حقائق کا جائزہ لینے کیلئے بھجوانے کی تجویز دی گئی۔ سیمینار کا انتظام پاکستان سے متعلق کل جماعتی پارلیمانی گروپ نے کیا تھا، جس میں وزیراعظم کے کشمیر کے بارے میں خصوصی ایلچیوں لیفٹیننٹ جنرل (ر) سینیٹر عبدالقیوم اور رکن قومی اسمبلی قیصر احمد شیخ نے بھی خطاب کیا۔ سیمینار کی صدارت ممبر پارلیمنٹ رحمان چشتی نے کی اور اس میں لارڈ نذیر احمد، ممبر پارلیمنٹ یاسمین قریشی، ممبر پارلیمنٹ نصرت غنی، ممبر پارلیمنٹ ڈیوڈ نوٹال، ممبر پارلیمنٹ لِز میلنینز، ممبر پارلیمنٹ کیٹ ہولرن، ممبر پارلیمنٹ تسنیمہ احمد شیخ، ممبر پارلیمنٹ عمران حسین، ممبر پارلیمنٹ خالد محمود اور ممبر پارلیمنٹ گراہم جونز نے شرکت کی۔ اس موقع پر برطانیہ کے لارڈز اور ارکان پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور تجویز پیش کی کہ کشمیر سے مکمل فوجی انخلاءہونا چاہیے اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔