مظفر آباد۔6جولائی (اے پی پی):صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانوی انتخابات میں بڑی تعداد میں کشمیری نژاد امیدواروں کی کامیابی کشمیریوں اور فلسطینیوں کے موقف کی بھرپور اور عملاً تائید ہے، میں برطانیہ کے انتخابات میں بڑی تعداد میں جیتنے والے کشمیری اور پاکستانی امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،امید ہے کہ ان کی کامیابی سے جہاں برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اٹھانے میں مدد ملے گی وہیں برطانوی پارلیمنٹ سے مسئلہ کشمیر پر بھرپور حمایت بھی حاصل ہو سکے گی۔
ایوان صدر کشمیر ہائوس اسلام آباد سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اسی طرح برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز کشمیر کمیٹی سے بھی جاندار انداز میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور انداز میں آواز بلند ہو سکے گی۔
انہوں نے برطانیہ کے الیکشن میں لیبر پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر بھی مبارکباد دی ہے اور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ لیبر پارٹی مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت بند کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ صدر آزادکشمیرنے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری خراج تحسین کے مستحق ہیں جواپنے ووٹ سے بڑی تعداد میں کشمیری امیدواروں کو برطانوی پارلیمنٹ میں لائے ہیں، امید ہے کہ اب ہم برطانوی پارلیمنٹ سے مسئلہ کشمیر پر موثر انداز میں آواز اٹھا سکیں گے اور اسی طرح دنیا کے دیگر فورمز پر بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز پہنچ سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ میں ایک مرتبہ پھر برطانوی انتخابات میں نو منتخب کشمیری،پاکستانی نژاد اور دیگر نو منتخب ممبران پارلیمنٹ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اس امید کا اظہار کرتا ہوں کہ وہ برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیری عوام کو ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے موثر انداز میں آواز بلند کریں گے۔