مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں حالیہ پُرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جمہوری معاشروں میں قانون کی حکمرانی کو یکساں طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔
برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان کا آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ پُرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ

مزید خبریں
لندن ۔10جون (اے پی پی):مانچسٹر سے تعلق رکھنے والے برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) میں حالیہ پُرتشدد مظاہروں میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جمہوری معاشروں میں قانون کی حکمرانی کو یکساں طور پر نافذ کیا جانا چاہیے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے ارکان کبھی بھی تشدد کی حمایت نہیں کرتے خواہ وہ برطانیہ میں ہو، آزاد کشمیر میں یا پاکستان میں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی جمہوری حق ہے تاہم کسی بھی قسم کا تشدد ناقابل قبول ہے اور اس سے قانون کے مطابق نمٹا جانا چاہیے۔برطانیہ میں حالیہ پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ساؤتھ پورٹ فسادات کا ذکر کیا اور کہا کہ برطانوی حکام نے تشدد میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی، ملزمان کے خلاف مقدمات چلائے گئے اور تیز رفتار عدالتی عمل کے ذریعے انہیں سزائیں دی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت بھی جوابدہی یقینی بنانے کے لیے اسی طرز کا طریقہ کار اختیار کر سکتی ہے۔افضل خان نے کہا کہ برطانیہ جیسے جمہوری نظام میں پُرامن مظاہروں کی اجازت ہوتی ہےلیکن احتجاج کے دوران تشدد کا راستہ اختیار کرنے والے افراد کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کے بقول یہی اصول آزاد کشمیر سمیت ہر جگہ لاگو ہونا چاہیے۔انہوں نے خبردار کیا کہ عدم استحکام کی صورتحال سے بیرونی عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت بعض عناصر ایسے حالات سے فائدہ اٹھانے اور پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اٹھائے گئے مطالبات کی اکثریت پہلے ہی پوری کی جا چکی ہے۔ مہاجرین کے لیے مختص 12 نشستوں سے متعلق تحفظات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا مناسب آئینی راستہ انتخابات میں حصہ لینا اور کسی بھی تبدیلی کے لیے قانونی اور پارلیمانی ذرائع اختیار کرنا ہے۔








