
اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) برطانیہ کے سیکرٹری دفاع سٹیفن لوگرویف کی قیادت میں اعلی سطحی وفد پاک برطانیہ تعاون فورم کے 16ویںسیشن میں شرکت کے لئے تین روزہ دورہ پر پاکستان کے دورہ پر ہے ،یہ فورم دفاع اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے لئے ایک جامع میکنزم فراہم کرتا ہے۔ پاک برطانیہ تعاون فورم کا اجلاس منگل کو وزارت دفاع راولپنڈی میں منعقد ہوا۔ برطانوی سیکرٹری دفاع نے وزیر دفاع پرویز خٹک اور اپنے پاکستانی ہم منصب لیفٹیننٹ جنرل (ر) اکرام الحق کے ساتھ ان کے دفاتر میں الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں عالمی اور علاقائی سکیورٹی کے امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں اور زرائع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ملاقات کے دوران دونوں اطراف سے پاک برطانیہ تعاون فورم کے برطانیہ میں ہونے والے گذشتہ اجلاس کی پیش رفت اور تعاون کے نئے مواقعوں کا جائزہ لیا ۔اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان باہمی دلچسپی کے تما شعبوں میں مقررہ تعاون کے اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سطحوں پر تعاون بڑھایا جائے ۔