برطانوی فاسٹ بائولر ڈیوڈ ولی کا آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

85
برطانوی فاسٹ بائولر ڈیوڈ ولی کا آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان

لندن۔1نومبر (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر ڈیوڈ ولی نے آئی سی سی مینز ورلڈکپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 33 سالہ ڈیوڈ ولی نے کہا ہے کہ بچپن سے صرف انگلینڈ کے لیے کرکٹ کھیلنے کا خواب دیکھا۔انہوں نے کہا کہ بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ورلڈکپ کے بعد تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا وقت آگیا ہے۔

ڈیوڈ ولی کو انگلینڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا تھا اور وہ ورلڈ کپ کھیلنے والے واحد انگلش کرکٹر ہیں جنہیں سینٹرل کنٹریکٹ نہیں ملا تھا۔چند دن پہلے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی )نے 29 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیے تھے۔33 سالہ ڈیوڈ ولی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں اپنے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے حوالے سے اعلان کیا۔ انہوں نے لکھا کہ میں کبھی نہیں چاہتا تھا کہ یہ دن آئے۔

میں نے انگلینڈ کے لیے کرکٹ کھیلنے کا صرف خواب ہی دیکھا تھا، لہذا سوچ سمجھ کر اور کافی غور و فکر کے بعد انتہائی افسوس کے ساتھ یہ فیصلہ کیا ہے کہ میں محسوس کرتا ہوں کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں میگا ایونٹ آئی سی سی مینز ورلڈ کپ کے بعد تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوجاؤں۔

ڈیوڈ ولی نے کہا کہ میں نے بہت فخر کے ساتھ یہ شرٹ پہنی ہے اور اپنے سینے پر لگے ہوئے بیج کو اپنا سب کچھ دے دیا ہے۔ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں دنیا کے چند بہترین کھلاڑیوں کے ساتھ ایسی ناقابل یقین سفید گیند والی ٹیم کا حصہ ہوں۔ میں نے راستے میں کچھ خاص یادیں اور عظیم دوست بنائے اور کچھ بہت مشکل وقتوں سے گزرا۔میں اپنی بیوی، دو بچوں، ماں اور والد صاحب کے علاوہ اپنے اس سفر کے دوران جو میرے دوست بنے اور میری حمایت کی کا ہمیشہ کے لیے شکر گزار رہوں گا۔ولی نے کہا کہ وہ فرنچائزز اور ڈومیسٹک سائیڈز کے مختصر فارمیٹس (T20 اور ہنڈریڈ) میں کھیل جاری رکھیں گے ۔

ولی کو گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں نارتھمپٹن ​​شائر کا کپتان نامزد کیا گیا تھا اور وہ ویلش فائر ان دی ہنڈریڈ کے لیے بھی کھیل چکے ہیں ۔ ڈیوڈ ولی تاحال 70 ون ڈے اور 43 ٹی ٹوئنٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔