برطانوی ماہرین امراض قلب کی فیصل آباد آمد،25سے27 فروری تک دل کے عارضہ میں مبتلا بچوں کی ہارٹ سرجری کرے گی

92

فیصل آباد۔ 20 فروری (اے پی پی):برطانیہ کے انتہائی تجربہ کاروسینئر ماہرین امراض قلب وسپیشلسٹ ڈاکٹرز کی ایک ٹیم فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کرے گی اور25سے 27 فروری تک ایف آئی سی میں موجود رہ کر دل کے عارضہ میں مبتلا بچوں کی ہارٹ سرجری کرے گی جس کا پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

مذکورہ ٹیم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے چلڈرن ہارٹ سرجری کے بڑے اقدام کے تحت فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا دورہ کررہی ہے۔اس حوالے سے کمشنر مریم خان کی زیر صدارت ایف آئی سی کانفرنس روم میں ٹیم کی آمد اور چلڈرنز ہارٹ سرجریز بارے اجلاس منعقد ہواجس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر،فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سنیئر انتظامی افسران بھی اجلاس میں شریک تھے۔

کمشنر مریم خان کا اجلاس میں کہنا تھاکہ حکومت پنجاب نے ہسپتال میں ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کرنے کیلئے فوری اقدامات کرلئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہیومن ریسورس کیلئے چلڈرن ہسپتال،الائیڈ ون اور الائیڈ II کے ڈاکٹرز کی ڈیوٹیاں لگائی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہارٹ سرجری کیلئے یوکے سے ڈاکٹرز کی فیصل آباد آمد بڑا اقدام ہے۔