چین کی بہت سی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی تیاریاں کر رہی ہیں، یہ سرمایہ کاری گلوبل ٹریڈ نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کرے گی
برطانوی نیوز ایجنسی کی رپورٹ
اسلام آباد ۔ 03 فروری (اے پی پی) چین کی بہت سی کمپنیاں پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کی تیاریاں کر رہی ہیں، برطانوی نیوز ایجنسی نے پاکستان کے کئی بڑی کمپنیوں کے ایک درجن اعلیٰ عہدیداران کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ چین کی بہت سی کمپنیاں پاکستان میں سیمنٹ، سٹیل، انرجی اور ٹیکسٹائل کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے کی تیاریاں کر رہی ہیں، تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ چین کی کمپنیاں اپنے ملک کے وژن ”ون بیلٹ، ون روڈ“ کے تحت پاکستان میں سرمایہ کر رہی ہیں کیونکہ عالمی تجارت کے اس وژن اور نیٹ ورک میں پاکستان کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔ خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ سرمایہ کاری گلوبل ٹریڈ نیٹ ورک میں اہم کردار ادا کرے گی۔ برطانوی خبر رساں ادارے نے مزید لکھا ہے کہ چین کی سربراہی میں ایک کنسورشیم نے حال ہی میں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بڑی سرمایہ کاری کی ہے اسی طرح شنگھائی الیکٹرک پاور نے پاکستان کی بجلی کی بڑی پیداواری کمپنی کے الیکٹرک میں 1.8 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی لے رہی ہیں۔