برطانوی وزیراعظم کا موجودہ پارلیمانی مدت میں یورپی یونین میں دوبارہ شمولیت کا امکان مسترد

برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے موجودہ پارلیمانی مدت کے دوران برطانیہ کی یورپی یونین (ای یو) میں دوبارہ شمولیت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اس پیش رفت کے خواہاں ہیں، تاہم فی الحال ایسا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔ شنہوا کے مطابق برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا کہ برطانیہ اس وقت یورپی یونین میں …

لندن ۔27اکتوبر (اے پی پی):برطانوی وزیراعظم اینڈی برنہم نے موجودہ پارلیمانی مدت کے دوران برطانیہ کی یورپی یونین (ای یو) میں دوبارہ شمولیت کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی زندگی میں اس پیش رفت کے خواہاں ہیں، تاہم فی الحال ایسا کوئی منصوبہ زیر غور نہیں۔ شنہوا کے مطابق برطانوی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں وزیراعظم اینڈی برنہم نے کہا کہ برطانیہ اس وقت یورپی یونین میں دوبارہ شمولیت کے مرحلے سے بہت دور ہے۔

انہوں نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد گزرنے والی ایک دہائی کے تجربات توقعات کے مطابق ثابت نہیں ہوئے۔ ان کے بقول یورپی یونین سے علیحدگی نے برطانوی معیشت کو کمزور کیا اور امیگریشن پر کنٹرول کے حوالے سے بھی مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے۔ انہوں نے غیر قانونی تارکین وطن کی جانب سے چھوٹی کشتیوں کے ذریعے برطانیہ پہنچنے کے بحران کا حوالہ بھی دیا۔

رپورٹ کے مطابق جون 2016 میں ہونے والے بریگزٹ ریفرنڈم میں تقریباً 52 فیصد ووٹرز نے یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیا تھا، جبکہ برطانیہ نے 2020 میں باضابطہ طور پر یورپی یونین چھوڑ دی تھی۔برطانیہ کی لیبر پارٹی نے 2024 کے عام انتخابات میں دارالعوام میں اکثریت حاصل کی تھی۔ قبل از وقت انتخابات نہ ہونے کی صورت میں موجودہ پارلیمانی مدت پانچ سال جاری رہنے کی توقع ہے۔