برطانوی وزیراعظم کا وزیراعظم شہباز شریف کو ٹیلی فون، اسلام آباد مذاکرات کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر کا ٹیلیفون ، امریکہ ایران جنگ بندی کے لئے مؤثر سفارتی کاوشوں کو سراہا

مزید خبریں
اسلام آباد۔10اپریل (اے پی پی):برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نےامریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں سہولت فراہم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسلام آباد میں امن مذاکرات کی میزبانی پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی ہے اور اس عمل کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو وزیراعظم افس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو برطانیہ کے وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر نے ٹیلیفون کیا ۔وزیرِ اعظم اسٹارمر نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں سہولت فراہم کرنے اور مذاکرات کی بحالی کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں کو بے حد سراہا۔
انہوں نے اسلام آباد میں امن مذاکرات کی میزبانی پر وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی اور اس عمل کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مخلصانہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ اعظم اسٹارمر سمیت اہم یورپی اور بین الاقوامی رہنماؤں کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان کا خیر مقدم کیا جس میں پاکستان کی امن کوششوں کی تائید کی گئی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس امر کی اہمیت پر زور دیا کہ جنگ بندی برقرار رہے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے۔دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مزید فروغ دینے کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ اعظم اسٹارمر کو پاکستان کے سرکاری دورے کی اپنی پُرتپاک دعوت کا اعادہ بھی کیا۔








