اکستان اور فرانس کے درمیان کثیرالجہتی امور پر مشاورتی اجلاس پیرس میں ہوا جس کا مقصد مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا اور عالمی چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری نبیل منیر نے کی جبکہ فرانس کے وفد کی قیادت وزارت برائے یورپ و خارجہ امور کی ڈائریکٹر برائے اقوام متحدہ، ناتھالی براڈہرسٹ نے …
پاکستان اور فرانس کا کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

مزید خبریں
اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):پاکستان اور فرانس کے درمیان کثیرالجہتی امور پر مشاورتی اجلاس پیرس میں ہوا جس کا مقصد مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا اور عالمی چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری نبیل منیر نے کی جبکہ فرانس کے وفد کی قیادت وزارت برائے یورپ و خارجہ امور کی ڈائریکٹر برائے اقوام متحدہ، ناتھالی براڈہرسٹ نے کی۔ مشاورتی اجلاس پاکستان اور فرانس کے مابین دوطرفہ روڈ میپ (2023) کے تحت ہوا، جس کا مقصد کثیرالجہتی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مضبوط بنانا اور عالمی چیلنجز سے نمٹنا ہے۔
اس موقع پر پاکستان اور فرانس نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کثیرالجہتی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ۔دونوں جانب سے اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے لیے 2030 کے ایجنڈے اور ترقیاتی مقاصد کے لیے مالی اعانت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی مشترکہ وابستگی کا بھی اعادہ کیا۔ دونوں جانب سے حالیہ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہ کیا گیا اور امن و سلامتی کے امور پر اقوام متحدہ سمیت مختلف فورمز میں باہمی رابطہ اور تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
مشاورت میں اقوام متحدہ کی امن کارروائیوں، انسداد دہشت گردی اور اقوام متحدہ میں اصلاحات جیسے اہم امور بھی زیر بحث آئے۔اجلاس خوشگوار ماحول میں ہوا اور اس موقع پر فریقین نے کثیرالجہتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا، باہمی تعاون کے نئے مواقع کی نشاندہی کی اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔فریقین نے باہمی طور پر طے شدہ تاریخوں پر پاکستان اور فرانس کے درمیان کثیرالجہتی امور پر مشاورت کا اگلا دور اسلام آباد میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔







