لندن۔14مئی (اے پی پی):برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے اعتراف کیا ہے کہ برطانوی حکومت ملک میں بھارت سے آنے والے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے پر پریشان ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران بھارتی وائر س سے متاثرہ افراد کی تعداد دوگنا ہو گئی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برطانوی حکومت کے سائنسی مشیروں نے گزشتہ روزملک میں بھارتی وائرس پھیلنے سے متعلق صورتحال پر تبادلہ خیال کیاکیونکہ اس سے ملک میں21جون سے سماجی رابطوں پر عائد پابندیاں اٹھانے کاحکومت کا منصوبہ تعطل کا شکار ہو سکتا ہے ۔
بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ ملک میں سماجی رابطوںپر عائد پابندیاں اٹھانے کے بارے میں محتاط طورپر پر عزم ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق انڈین وائرس جسے سائنسی طو رپر B.1.617کا نام دیا گیا ہے ، کی وجہ سے بھارت میں مہلک وائرس کی دوسری لہر میں شدت آئی ہے اب دنیا کے 40ممالک میں پھیل چکا ہے ۔ ڈبلیو ایچ او نے رواں ہفتے B.1.617کے پھیلائو پرتشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ وائرس کی یہ قسم تیزی سے پھیل رہی ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق بھارت کے بعد برطانیہ میں B.1.617کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو ئے ہیں۔ پبلک ہیلتھ انگلینڈ کے اعدادوشمار کے مطابق رواں ہفتے برطانیہ میں بھارتی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 520سے بڑھ کرایک ہزار 313ہوگئے ہیں۔انگلینڈ پیر کو پابندیاں اٹھانے کے اپنے منصوبے کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔