لاہور۔6جنوری (اے پی پی):برطانوی پولیس اور ہائی کمیشن کے اعلی سطح کے وفد نے پیر کے روز سنٹرل پولیس آفس لاہور کا دورہ کیا، ڈپٹی مینجر سٹریٹجی اینڈ ڈویلپمنٹ گریمی والس کی قیادت میں 09 رکنی وفد نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ترجمان پولیس کے مطابق ڈی آئی جی ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی میر واعظ نیاز، سینئر پولیسنگ ایڈوائزر ڈیرن کولن ٹامکنز، بینجمن واٹسن و دیگر وفد میں شامل تھے ۔
وفد نے دہشت گردی، شرپسندی اور آرگنائزڈ کرائم کے خاتمے کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات اور قربانیوں کو سراہا، انٹرپول کے ذریعے خطرناک مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریمنلز ریکارڈ شیئرنگ کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کو دہشت گردی، شدت پسندی کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ ملاقات میں برطانوی پولیس اور پنجاب پولیس کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وفد نے سنٹرل پولیس آفس کے میوزیم اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور برطانوی وفد کے مابین سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی، اے آئی جی ڈسپلن، اے آئی جی ویلفیئر، ایس پی اقبال ٹائون، اے ایس پی نولکھا موقع پر موجود تھے۔