برطانوی کرکٹر عادل رشید حج کی سعادت کے باعث بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے

300
برطانوی کرکٹر عادل رشید حج کی سعادت کے باعث بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے

لندن۔24جون (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سپنر عادل رشیدحج کی سعادت کے باعث بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ۔34 سالہ عادل رشید اہلخانہ کےساتھ رواں سال حج کی سعادت حاصل کریں گے ۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی )اور ان کی کلب ٹیم یارکشائر نے انہیں رخصت دے دی ہے۔ لیگ سپنر عادل رشید بھارت کے خلاف وائٹ بال سیریز کے لئے انگلینڈ ٹیم اور ٹی ٹونٹی بلاسٹ کی اپنی ٹیم یارکشائر کو دستیاب نہیں ہوں گے ۔

ای سی بی نے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ جولائی کے وسط میں جنوبی افریقہ کے خلاف انگلینڈ کی وائٹ بال سیریز سے پہلے ان کی واپسی ہوسکتی ہے ۔ 34 سالہ لیگ سپنر اپنی اہلیہ کے ساتھ حج کے لئے رخت سفر باندھیں گے۔عادل رشید کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور کاؤنٹی کلب یارکشائر دونوں کی طرف سےرواں ہفتے کے آخر میں سعودی عرب جانے کی اجازت دی گئی ہے۔

عادل رشید نے کہا ہے کہ میں نے رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے کے لئے ای سی بی اور کائونٹی کرکٹ ٹیم یارکشائر سے بات کی اور دونوں کی طرف سے مجھے اجازت دی گئی ہے ۔ عادل راشد واحد کرکٹر نہیں ہیں جو حج میں شرکت کے لیے بین الاقوامی میچوں سے محروم ہو گئے ہیں، بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری محدود اوورز کے دورے کو حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے چھوڑ دیا ہے۔