فیصل آباد۔ 21 مارچ (اے پی پی):برطانیہ کا ہائی کمیشن 5ملین پونڈ سے ایک پانچ سالہ پروگرام شروع کر رہا ہے جس کا بنیادی مقصد جنوبی ایشیامیں فارماسوٹیکل اور آئی ٹی شعبوں کو ترقی دے کران کی مصنوعات کی برطانیہ کو برآمدات بڑھانا ہے۔ یہ بات برٹش ہائی کمیشن کے ریجنل ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ ایڈوائزر مسٹر فیبین ہارٹ ویل نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈا نڈسٹری میں فارما سوٹیکل اور آئی ٹی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ بطور ریجنل ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ ایڈوائزر ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ پاکستان سمیت اس خطے سے برطانیہ کیلئے تجارت کو بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئی ٹی کے شعبہ میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کے معترف ہیں اور خاص طور پر نیا کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی اور راہنمائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ا س حوالے سے پاکستانی اور برطانوی کمپنیوں کے درمیان رابطوں کیلئے بھی ضروری سہولتیں مہیا کی جائیں گی تاکہ دونوں فریق باہمی تعاون سے فائدہ اٹھا سکیں۔
فارما سوٹیکل کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ برطانیہ کو برآمد کی جانے والی ادویات بین الاقوامی معیار کے مطابق ہونی چاہئیں اور اس سلسلہ میں درپیش چیلنجز کے مقابلہ کیلئے اس پروگرام کے تحت تربیتی سہولتیں بھی مہیا کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے براہ راست آئی ٹی اور فارما سوٹیکل کے شعبہ سے وابستہ افراد سے درپیش مسائل بھی معلوم کئے اور انہیں یقین دلایا کہ اس سلسلہ میں ہائی کمیشن مجوزہ پروگرام کے تحت ضروری اقدامات اٹھائے گا۔ اس سے قبل صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے برطانوی ہائی کمیشن کے ایڈوائزر کا خیر مقدم کیا اور انہیں فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری بارے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹیکسٹائل اس شہر کی پہچان ہے
مگر اب یہاں ٹائلز، کار اسمبلنگ، موبائل فونز، ٹن پیک، فارما سوٹیکل، فونڈری، فائبر اور جرابوں کی سب سے بڑی فیکٹری بھی یہاں کام کر رہی ہے۔ آئی ٹی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 65فیصد نوجوان اس شعبہ کی ترقی کیلئے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں جن کی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے سٹیک ہولڈرز نے اپنے مسائل اور درپیش چیلنجز کا ذکر کیا اور کہا کہ فارماسوٹیکل کے شعبہ کی ترقی کیلئے متعلقہ اداروں کے سٹاف کیلئے تربیتی سہولتوں کی ضرورت ہے۔
اس طرح آئی ٹی کے شعبہ سے وابستہ نوجوانوں کیلئے برطانیہ کی فرموں سے براہ راست رابطوں کیلئے ویزے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہوں گے۔ انہوں نے برطانوی ایڈوائز سے کہا کہ وہ آئی ٹی اور فارما سوٹیکل کے شعبہ کیلئے مجوزہ پانچ سالہ پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کریں تاکہ ان کے اندر رہتے ہوئے قابل عمل تجاویز پیش کی جا سکیں۔ آخر میں صدر ریحان نسیم بھراڑہ نے برطانوی ہائی کمیشن کے ریجنل ٹریڈ اینڈ ڈویلپمنٹ ایڈوائز رمسٹر فیبین ہارٹ ویل کو چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی اور چیمبر کی پچاس سالہ تقریبات کے حوالے سے خصوصی پن بھی لگائی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574986