لندن ۔25ستمبر (اے پی پی):دنیا کے سب سے بڑےحلال فوڈ فیسٹیول کا لندن میں 28 سے 29 ستمبر لندن سٹیڈیم میں نویں سال کی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔عرب نیوز کے مطابق منتظمین کو اس سال فوڈ فیسٹیول میں 20000 سے زائد زائرین کی آمد کی توقع ہے جہاں دنیا بھر کے کھانوں کی وسیع رینج کی نمائش کی جائے گی۔
فوڈ فیسٹیول میں پاکستان سمیت ترکی، مراکش اور انڈونیشیا کی نمائندگی کرنے والے منتخب وینڈرز، شیفز اور فوڈ سٹالز موجود ہوں گے۔تقریب کے منتظمین کی کمیٹی کے ڈائریکٹر ولید جہانگیر نے بتایا ہے کہ دنیا بھر میں مسلم آبادی میں مسلسل اضافے کے باعث حلال فوڈ کی مصنوعات کی مانگ دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حلال فوڈ سے تیارکردہ اعلیٰ ذوق اور معیاری ذائقوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی نے نہ صرف مسلمان صارفین بلکہ غیر مسلموں کی توجہ بھی حلال کھانوں کی طرف مبذول کرائی ہے۔اس تقریب میں معروف شیف شخصیات کے تیارکردہ کھانوں کے ذائقوں سے متعلق لائیو کوکنگ شو منعقد کیا جائے گا جس کی میزبانی عالمی شہرت یافتہ شیف شیلینا پرمولو کریں گی۔