برطانیہ میں سامنے آنے والی کورونا وائرس کی نئی قسم41 ممالک میں پائی گئی ہے، عالمی ادارہ صحت

59
World Health Organization
World Health Organization

جنیوا۔6جنوری (اے پی پی):عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ برطانیہ میں پائی جانے والی کورونا وائرس کی نئی قسم41 ممالک میں پائی گئی ہے۔ بدھ کومیڈیا رپورٹس کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ میں مہلک کورونا وائرس کی نئی شکل کے دیگر40 ممالک میں پانچ جنوری تک متعددکیس پائے گئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ ابتدائی طور پر یہ وائرس جنوبی افریقہ اور چھ دیگر ممالک میں پایا گیا تھا۔ واضح رہے کہ 14 دسمبر کو برطانیہ نے کورونا وائرس کی ایک نئی شکل کا اعلان کیا تھا جو 70 فیصد تیزی سے پھیلتا ہے۔ اس کے بعد دنیا کے کئی ممالک نے برطانیہ کے لئے اپنی پروازیں ملتوی کردی تھیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس کی وبا گزشتہ سال جنوری چین میں پہلی بار سامنے آئی تھی جس سے دنیا بھر میں اب تک 18لاکھ76 ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد8 کروڑ 68 لاکھ سے زیادہ ہے۔ کورونا وائرس کی وبا سے امریکہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، برازیل کورونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کے لحاظ سے دوسرے اور مریضوں کے حوالے سے تیسرے نمبر پر ہے جبکہ بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے اعتبار سے دوسرا اور ہلاکتوں کے اعدادوشمار سے تیسرا شدید متاثرہ ملک ہے۔