اسلام آباد۔28ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ برطانیہ میں شہباز شریف کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں تھا اور نہ ہی وہ کسی عدالت سے بری ہوئے ہیں، برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کی جانب سے سلمان شہباز کے منجمند کئے گئے اکائونٹ کو بحال کیاگیا ہے، شہباز شریف اور ان کے خاندان کو 28 ارب روپے کی جعلی ٹی ٹیز کی رسیدیں دینا پڑیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ برطانوی بینک نے سلمان شہباز کی مشکوک ٹرانزیکشن سے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کو آگاہ کیا، این سی اے نے اس مشتبہ ٹرانزیکشن کی انویسٹی گیشن سے متعلق برطانوی عدالت کو آگاہ کیا جس کے بعد سلمان شہباز کے اکائونٹ کو 12 ماہ کیلئے منجمند کیا گیا، ایک بار پھر اس میں توسیع کی گئی، 10 ستمبر کو اس منجمند اکائونٹ کو غیر منجمند کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کیلئے یہ فخر کی بات ہے کہ ان کی ٹرانزیکشن کو مشکوک قرار دیا گیا، ایماندارانہ ٹرانزیکشن پر شبہ ہو تو اس کی تحقیقات ایک دو ہفتوں میں ختم ہو جاتی ہے لیکن ان کی مشکوک ٹرانزیکشن کی کئی ماہ تحقیقات جاری رہیں۔
شہباز گل نے کہاکہ اس حوالہ سے جب برطانوی ادارے نے معلومات حاصل کیں تو ہم نے انہیں بتایا کہ یہ مشکوک لوگ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کے خلاف ہماری شکایت پر نہ ہی کوئی کارروائی ہوئی اور نہ ہی ان کے خلاف برطانیہ میں کوئی مقدمہ چل رہا تھا، یہ کہا جا رہا ہے کہ شہباز شریف برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے مقدمہ سے بری ہوگئے ہیں جوکہ سراسر غلط ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک چینل پر جعلی اور جھوٹی خبر چلائی گئی،
اس چینل کا برطانیہ میں نمائندہ نواز شریف کے ہاتھ کی گھڑی ہے، اس چینل کے مالکان کو بھی اس بارے میں سوچنا چاہئے، ایسا جھوٹ گھڑ کر جعلی خبر چلائی گئی،
وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جعلی خبروں کے بارے میں رائے درست ہے، پھر کہتے ہیں کہ آزادی صحافت پر حملہ ہے، ہمیں حقیقی صحافت کا احترام ہے لیکن اس طرح کی صحافت کا نہیں جیسی کل خبر چلائی گئی، نوازشریف کے ذاتی ملازم کو چینل نے اپنا نمائندہ بنا رکھا ہے جو ان کی زبان بولتا ہے، چینل مالکان کو سوچنا چاہئے کہ شریف خاندان لوگوں کو کس طرح استعمال کرتا ہے، شہباز شریف اور نواز شریف کے درمیان سیاسی لڑائی نہیں ہے بلکہ وہ دونوں چور ہیں، یہ جھوٹ بولتے ہیں، شہباز شریف اور مریم صفدر کے حامی مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف نے 25 ارب کے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں اپنے ملازمین کے ذریعے ٹی ٹیز لگائیں، وہ بتائیں کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا؟، شہباز شریف یہاں تو کہتا ہے کہ اس کے بیٹے اس سے الگ ہیں لیکن سلمان شہباز کے معاملہ کو اپنی بریت کے طور پر پیش کر کے دھمالیں ڈالی جا رہی ہیں، شہباز شریف کا کسی مقدمے اور فیصلے میں نام نہیں ہے، (ن) لیگ والوں کو انگریزی میں لکھے فیصلے سمجھ نہیں آتے، وہ اس پر بھنگڑے ڈال رہے ہیں اور جھوٹ بول رہے ہیں،
ان کے خلاف پاکستان میں منی لانڈرنگ اور چوری کے مقدمات ہیں، وہ عوام کو بے وقوف نہیں بنا سکتے، انہیں رسیدیں دینا پڑیں گی، نیب اور ایف آئی اے میں قطری رسیدیں نہیں چلیں گی۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف اور ان کے خاندان کو 28 ارب روپے جعلی ٹی ٹیز کی رسیدیں دینا پڑیں گی، جب وہ رسیدیں دے دیں گے تو مسئلہ ختم ہو جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ان سے ملی بھگت کرنے والے بینک افسران کو گرفتار کیا جا رہا ہے، وہ اپنی لوٹ مار کا قوم کو جواب دیں، وہ قوم کو جتنا بے وقوف بنانے کی کوشش کریں گے، پھنس جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ شہباز شریف اور ان کا خاندان کسی عدالت سے بری نہیں ہوئے، صرف سلمان شہباز کی منجمند مشتبہ ٹرانزیکشن بحال ہوئی ہے۔