اسلام آباد۔18جنوری (اے پی پی):برطانیہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14.4 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں برطانیہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.144 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 14.4 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں برطانیہ میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 1.877 ارب ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔
دسمبر2021 میں یوکے سے ترسیلات زر کا حجم 340.8 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو دسمبر2020 کے مقابلہ میں 4.25 فیصدزیادہ ہے۔ دسمبر2020 میں یوکے میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 326.9 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔
موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اوربینکنگ ذرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کیلئے سہولیات، ترغیبات اوراقدامات کے نتیجہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں مجموعی طورپر11.3 ٖفیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔