اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید ابن عباس نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی سے ترقی کے راستے پر گامزن ہے اور سیکورٹی و اقتصادی شعبوں میں مثبت اور خوشگوار تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کو پاکستانی قونصلیٹ برمنگھم میں منعقدہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد خواتین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔پاکستانی نژات خواتین کیساتھ رابطوں کا اہتمام قونصلیٹ نے کیا تھا ۔خواتین کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی اور بحث میں بھی فعال حصہ لیا۔تقریب کا مقصد پاکستانی نژاد خواتین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں وہ عام مسائل پر کھل کر گفتگو اور بحث کر سکے۔اس موقع پر خواتین سے متعلق مضوعات جیسے خاندان میں خواتین کا کردار،بچوں کی پرورش ،زبان اور ثقافتی ورثے کی تحفظ اور عام مسائل زیر بحث لائے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی ہائی کمشنر نے برٹش معاشرے میں پاکستانی نژاد برطانوی خواتین کے کردار کو سراہا۔